اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، یہ وارنٹ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے جاری کیے۔
علی امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
عدالت نے کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی ہے، یہ مقدمہ اسلحہ اور شراب کی مبینہ برآمدگی سے متعلق ہے، جو ماضی میں ان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
قبل ازیں شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وکیل نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ میں پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ یہ عدالت علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کر سکتی، ستمبر کی کوئی تاریخ دے دیں۔