لاہور:(دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ کے پی کے کی لاہور آمد کا معاملہ پر پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس کا ایجنڈا سامنے آ گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی اور قیادت کی رہائی کی تحریک کے لئے عوام کو موبلائز کرنے کی مشاورت ہو گی، ایک سڑک یا چوک بند کرنے کا منصوبہ ڈراپ کر دیا گیا،لانگ مارچ زیر بحث آئے گا، پارلیمنٹیرینز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹکٹ ہولڈر اپنے حلقے میں پر امن احتجاج کریں، تجویز دی جائے گی، آج پارلیمنٹیرینز کی اکثریت کی بنیاد پر تحریک کا لائحہ عمل طے ہو گا، حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، اس تحریک میں پنجاب کی عوام پر فوکس کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ تحصیلوں میں ورکر کنونشن اور گلیوں میں کارنر میٹنگز منعقد کروائی جائیں گی، ایم پی اے، ایم این اے اپنے حلقوں میں عوام کو موبلائز کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے پچھلے احتجاجوں کا آغاز اسلام آباد یا کے پی سے ہوا جس کے باعث پنجاب کی کارکردگی کچھ خاص نہ رہی، اس لئے اس تحریک کا آغاز پنجاب خصوصاً لاہور سے شروع کیا جائے گا جب کہ علی امین گنڈاپور کل باقاعدہ تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔