حکومت مضبوط، کوئی رکن کہیں نہیں جا رہا، گورنر کچھ نہیں بگاڑ سکتے: علی امین گنڈاپور

Published On 05 July,2025 02:20 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مضبوط ہے، کوئی بھی رکن کہیں نہیں جارہا، گورنر خیبر پختونخوا ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جسے زعم ہے وہ تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے، حقیقت سامنے آجائے گی، بجٹ پاس نہ کرتے تو حکومت چلی جاتی اور قصور ہمارا اپنا ہی ہوتا، مخالفین شادیانے بجاتے، ہمارے اپنے ہی ساتھیوں کا پروپیگنڈا تھا کہ بجٹ پیش نہ کرو اور پھر بجٹ پاس نہ کرنے کا شور شروع کردیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اپنے کاغذات نامزدگی کی بنیادپر مخصوص نشستوں کیلئے عدالت سے رجوع کرنے جارہا ہوں ، میں آزاد نہیں پی ٹی آئی کا رکن ہوں اور میں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو آزاد نہیں لکھا، کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی کا نام لکھا تھا۔

علی امین نے مزید کہا کہ دریائے سوات واقعہ کی ڈسکہ کی متاثرہ فیملی کےلواحقین سرکاری نوکری کا تقاضہ کررہے ہیں، پنجاب ڈومیسائل کی بنیاد پرکے پی میں سرکاری نوکری نہیں مل سکتی، لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے 2 کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے، 2کروڑ روپے کو کیسے کاروبار کے لیے استعمال کرنا ہے، اس کا بھی مشورہ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت شروع کرنی چا ہئے، خوددیگر ممالک کی شہریت کے لیے دوڑیں لگاتے ہیں اور افغانوں کو شہریت نہیں دے رہے۔