بانی سے ملاقات آئینی حق، ملک میں آئین و قانون کو روندا جا رہا ہے: علی امین گنڈا پور

Published On 26 June,2025 05:20 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہمارا آئینی حق ہے، میری بانی سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی، ملک میں آئین و قانون کو روندا جا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سازش ناکام بنانے کیلئے صوبے کا بجٹ منظور کیا، ہم اپنے اور صوبے کے حالات کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے، بانی جب کہیں گے اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پھر کہتے ہیں سخت بات کرتا ہوں، بتائیں میرے پاس کیا آپشن ہے، واضح بتارہا ہوں کہ آئی ایم ایف کےساتھ ابھی اگلا مرحلہ ہونا ہے، پھرآئی ایم ایف پروگرام میں ہمارا بھی یہی رویہ ہوگا، ہم کسی فنانس میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جب یہ پھنسیں گے تو پھر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں گے، اگر ہم احتجاج کرتے ہیں تو پھر ہمیں گولیاں ماری جاتی ہیں، بانی نے کہا تھا بجٹ پاس کرنے سے پہلے مجھ سے میٹنگ کی جائے لیکن میری بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارلیمانی اور سیاسی کمیٹی میں بجٹ کا معاملہ رکھا، آئینی بحران سے بچنے کے لیے بجٹ پاس کیا، کھلا آدمی ہوں کبھی بلیک میل نہیں ہوتا، بانی نے جو بھی احکامات دیئے اس پر عمل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ فلاں یہ کہہ رہا اس کو جواب دینے کے بجائے بانی کو جوابدہ ہوں، صرف بانی کے احکامات کا پابند ہوں، بانی کے حکم پر سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی، دو، دو ماہ میری بانی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہر ہفتے ملنا چاہتا ہوں، بطور وزیراعلیٰ جب مرضی ملاقات کر سکتا ہوں مگر ملنے نہیں دیا جاتا، بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی تو آئی ایم ایف پروگرام کے لیےتعاون نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پیٹرن انچیف کا حق ہے وہ بجٹ پاس ہونے سے قبل اپنا اِن پُٹ دیں، بانی پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق اختیار ان کے پاس موجود ہے، بانی پی ٹی آئی کے سوا کسی کی بات کی مجھے کوئی پرواہ نہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ابھی ہمارا بجٹ پاس نہیں ہوا، سیشن ابھی چل رہا ہے، یہ بانی سے ملاقات نہ کروا کر اپنا ظرف دکھاتے ہیں۔