اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیلپ کی جانب سے جاری سروے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے 50 فیصد لوگ مریم نواز کو علی امین گنڈا پور سے بہتر سمجھتے ہیں، جن میں 37 فیصد پی ٹی آئی کے لوگ بھی شامل ہیں۔
گیلپ کی جانب سے کیے گئے رائے عامہ کے جائزے میں 58 فیصد عوام نے کہا کہ ان کی رائے میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی فنڈز میں کرپشن کی جارہی ہے، اسی سے جڑے ایک سوال کے جواب میں 40 فیصد شہریوں نے پنجاب کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں زیادہ کرپشن کا دعویٰ بھی کیا۔
سروے کے مطابق 73 فیصد شہریوں کی رائے میں سرکاری نوکریاں میرٹ پر نہیں ملتیں، جب کہ 59 فیصد نے بے روزگاری میں اضافے کی نشاندہی کی۔
60 فیصد شہریوں نے رائے دی کہ خیبرپختونخوا حکومت کام کے بجائے احتجاج میں وقت ضائع کر رہی ہے، 73 فیصد شہریوں نے صوبے میں سفارشی کلچر پروان چڑھنے کی شکایت کی، جب کہ 66 فیصد ووٹرز نے منتخب نمائندوں سے وعدہ خلافی کا شکوہ کیا۔
صوبے کی 66 فی صد آبادی گیس سے محروم، انچاس فی صد کو بجلی کی قلت کا سامنا ہے، نوجوان سہولتوں سے محروم ہیں، 77 فی صد کو پارکس، 81 فیصد کو لائبریریز دستیاب نہیں، 55 فی صد شہریوں نے صوبے کے انفرااسٹرکچر کو انتہائی ناقص قرار دیا، 49 فی صد پی ٹی آئی ووٹرز بھی کے پی حکومت سے غیر مطمئن ہیں، سیکیورٹی پر ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آیا، 57 فی صد اب بھی دہشتگردی سے خوف زدہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 85 فی صد شہری افغان شہریوں کی واپسی کے فیصلے پر مطمئن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کی واپسی سے امن و امان بہتر ہوگا، 48 فی صد کے مطابق روزگار کے مواقع بڑھیں گے، 66 فی صد ووٹرز نے ایم پی ایز پر وعدہ خلافی کا الزام لگایا جبکہ 60 فی صد شہریوں کے مطابق گنڈاپور حکومت احتجاج میں وقت ضائع کر رہی ہے۔
گیلپ رپورٹ اپریل سے جون کے دوران تیار کی گئی جس میں 3 ہزار افراد سے انٹرویوز کیے گئے تھے۔
گیلپ کی سروے رپورٹ کو وفاقی حکومت کی ایما پر تیار کیا گیا: بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے گیلپ کی سروے رپورٹ کو وفاقی حکومت کی ایما پر تیار شدہ سیاسی سکرپٹ قرار دے دیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مفروضوں پر مبنی سروے کا حقیقت سے دور دور تک واسطہ نہیں، گیلپ غیر جانبدار ہے تو پنجاب کی تباہ کاریاں اور جنوبی پنجاب کی محرومیاں بھی دکھائے۔
انہوں نے سوال کیا کہ سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں اور کراچی کی گندگی پر گیلپ نے عوامی رائے کیوں نہیں لی؟
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا سیاسی جماعتیں اور ان کا بیانیہ جعلی سروے سے نہیں، عوام کے ووٹ سے بنتے ہیں، گیلپ سروے مور کے منہ میں سانپ ہے، مریم نواز گیلپ کے منہ میں بیٹھ کر زہر اگل رہی ہیں، افغان مہاجرین پر زہر، پارکس کا شور اور پنجاب میں بزنس ہیون کا جھانسہ جعلی حکومت کی جانب سے مزاحیہ ڈرامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ان کے مینڈیٹ کو کون چوری کر کے اقتدار میں بیٹھا ہے، ووٹ چور سروے جیسے ہتھکنڈوں سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، گیلپ چند ٹکوں کے عوض اپنی ساکھ داؤ پر لگا رہا ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت کو سروے سے قابو کرنا خوابوں میں ممکن ہے۔
گیلپ سروے نے خیبرپختونخوا میں 12 سالہ جعلی تبدیلی کا پول کھول دیا: عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گیلپ سروے کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 12 سالہ جعلی تبدیلی کا پول کھل گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سروے میں 73 فیصد عوام نے گنڈا پور حکومت کو چارج شیٹ کیا، جو سابقہ حکومت کی کارکردگی پر عوامی عدم اطمینان کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حالت ایسی ہے کہ اسے کسی سروے کی بھی ضرورت نہیں، کل تک جو لوگ گیلپ سروے کے نتائج پر بھنگڑے ڈال رہے تھے، آج وہی لوگ جب اپنے بارے میں سچ سن رہے ہیں تو انہیں برا لگ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام کو جعلی انقلابی بیانیے اور جھوٹے وعدوں کی حقیقت بخوبی سمجھ آ چکی ہے۔
انہوں نےکہاکہ خیبرپختونخواہ کے 71فیصد عوام چاہتے ہیں کہ میگا پروجیکٹس میں کرپشن کی شفاف تحقیقات ہوں ،تحریک انصاف کے اپنے ووٹرز نے تسلیم کیا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کرپشن کی نذر ہورہے ہیں، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈا پور لوٹ مار ایسوسی ایشن کے چیئرمین بن کر ابھرے ہیں، اور ان کی کابینہ بھی اس میں شریک ہے۔