پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے معاملے پر پی ٹی آئی نے پارٹی کے ناراض اراکین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ جو بھی پارٹی فیصلے سے انحراف کرے گا اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور فیصلہ نہ ماننے والے اراکین کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے اس اہم فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ناراض اراکین کو کل بھی ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا مگر وہ ملاقات میں شریک نہیں ہوئے، میں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ناراض اراکین کا انتظار کرتے رہے لیکن وہ ملاقات کیلئے نہیں آئے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ معاملہ سیاسی کمیٹی کو بھیجا گیا جس نے ہر پہلو سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا اور ناراض امیدواروں کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ناراض امیدواروں کے پاس کل دوپہر 12 بجے تک کا وقت ہے، اگر وہ دستبردار نہ ہوئے تو پارٹی ڈسپلن کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ناراض امیدوار پارٹی عہدے بھی رکھتے ہیں اور سیاسی کمیٹی کے فیصلے سے انکار کرنا پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔