کے پی سینیٹ انتخابات: حکومت اور اپوزیشن میں فارمولے پر اتفاق

Published On 17 July,2025 10:44 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان رات گئے اہم ملاقات ہوئی جس میں 6/5 فارمولے پر گفتگو کی گئی اور ملاقات میں کافی حد تک اتفاق رائے ہو چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں تین جنرل، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک خاتون کی نشست اپوزیشن کو دینے جبکہ چار جنرل، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک خاتون نشست حکومت کو دینے کی تجویز دی گئی ہے تاہم حکومت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسے پانچ جنرل نشستیں دی جائیں۔

حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا جبکہ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی متفقہ حکمت عملی پر متفق ہو چکی ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں کو دستبردار کرانا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ذمہ داری ہوگی جس پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کا ماننا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کا واحد راستہ یہی ہے، اس سلسلے میں آج رات بلا مقابلہ انتخاب کے حوالے سے حتمی ملاقات متوقع ہے۔