خیبر پختونخوا اور پنجاب میں زیر التواء سینیٹ انتخابات کے شیڈول کا اعلان

Published On 04 July,2025 04:42 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں زیر التواء سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

خیبر پختوانخوا کی گیارہ سینیٹ نشستوں کیلئے پولنگ 21جولائی کو ہوگی، سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی کردہ نشست پر پولنگ 31جولائی کوہوگی،مجموعی طور پر سینیٹ کی جنرل نشستیں 7، خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی چار نشستیں اور علما کی نشست شامل ہیں جن پر انتخابات ہونا ہیں۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق 9 جولائی 2025 ،کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 10 اور 11جولائی ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 جولائی اور پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔

مرحوم ساجد میر کی سینٹ سے خالی کردہ نشست پرالیکشن کے مختلف مراحل جوکہ الیکٹورل کالج نا مکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کئے گئے تھے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جس میں ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی Revised list لسٹ 15 جولائی 2025 کو جاری کرے گااور کاغذات نامزدگی 16 جولائی 2025 تک واپس لئے جاسکیں گے جب کہ پولنگ 21 جولائی 2025 کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔

قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ ن کی خواتین کی مخصوص 2 خالی نشستوں پر بھی الیکشن پروگرام 8 جولائی 2025 کو ریٹرننگ آفیسر جاری کرے گا، کاغذات نامزدگی 9 اور 10 جولائی 2025کو جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جولائی اور امیدواروں کی حتمی لسٹ 24 جولائی 2025 کو جاری کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی Priority list ختم (Exhaust)ہوچکی ہے، لہٰذا اسے 10 جولائی تک Priority list ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروانی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے 2جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ان کی حلف برداری کے لئے بھی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سینٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر سکیں۔

 واضح رہے سپیکر  قومی اسمبلی سے حلف نہ لینے کی وجہ نشستیں خالی تھیں  جب کہ رواں سال 2 اپریل کو سینیٹ الیکشن ملتوی کیے گئے تھے۔