سینیٹ اجلاس آج، متعدد بلز اور رپورٹس ایوان میں پیش کی جائیں گی

Published On 15 July,2025 09:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سینیٹ ذرائع کے مطابق ایجنڈا وقفہ سوالات سمیت 12 نکات پر مشتمل ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر فیصل سلیم رحمان حوالگی ترمیمی بل 2025 اور شہریت ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ اور کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2025 بھی پیش کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان پینل کوڈ 1860 اور فوجداری ضابطہ کار 1898 میں مزید ترمیم سے متعلق فوجداری قوانین (ترمیمی) بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائے گی، اسلام آباد میں پانی کی قلت کے حوالے سے بھی رپورٹ ایجنڈے کا حصہ ہے۔

سینیٹر بشریٰ انجم بٹ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گی۔

علاوہ ازیں سینیٹ اجلاس میں صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث ہو گی، سینیٹر عبدالشکور خان بلوچستان میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافے سے متعلق اور سینیٹر محسن عزیز فیکٹریوں کی بندش سے پیدا ہونے والی بے روزگاری کے بارے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گے۔