پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی کا مخصوص نشستوں کی حلف برداری کے لیے طلب کیا گیا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس اڑھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا، اجلاس شروع ہوتے ہی حکومتی ارکان نے کورم کی نشاندہی کر دی۔
شیر علی ارباب کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر سپیکر بابر سلیم سواتی نے گنتی کی ہدایت کی، حکومتی بنچ پر صرف 3 ارکان موجود تھے۔
حکومتی ارکان نے کہا کہ کورم پورا نہیں، اجلاس نہیں ہو سکتا جس پر اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان سے کہا کہ آپ کے ارکان نا سمجھ ہیں، انہیں سمجھا دیں۔
یہ خبر پڑھیں: خیبرپختونخوا: اپوزیشن لیڈر کا مخصوص نشستوں پر حلف کیلئے عدالت جانے کا اعلان
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ کا کہنا تھا کہ ایسا کب تک چلے گا، ایک سال سے زائد عرصہ ہو گیا ہے لیکن اراکین سے حلف نہیں لیا جا رہا، اگر سپیکر حلف نہیں لے گا تو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے پاس درخواست لے کر جائیں گے جو اراکین سے حلف لیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رکن احمد کنڈی نے کہا کہ آپ منتخب ارکان کو حلف لینے سے روک نہیں سکتے، آپ تلاوت کے دوران کورم کی نشاندہی نہیں کر سکتے، پہلے بھی ذمہ داران نے حلف لینے سے انکار کیا تو پھر دوسرے لوگوں نے حلف لے لیا۔
ن لیگی رکن اسمبلی صوبیہ شاہد نے سپیکر سے کہا کہ اگر آپ حلف نہیں لیتے تو ہم چیف جسٹس کو یہاں سے خط لکھ دیتے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر نے گنتی پر ارکان کو بتایا کہ اس وقت اسمبلی میں ارکان کی تعداد 25 ہے، اب کیا کریں جب کورم پورا نہیں، اس کے بعد سپیکر کی ہدایت پر گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئیں۔
سپیکر بابر سلیم سواتی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ کورم پورا نہیں ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کیا جاتا ہے، اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہی وہ سپیکر اسمبلی اٹھ کر چلے گئے، اجلاس ملتوی ہونے پر حکومتی ارکان نے جشن منایا۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن: ناراض پی ٹی آئی امیدواروں کا کاغذات نامزدگی واپس نہ لینے کا اعلان
بعدازاں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے کہا کہ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کیا۔
پی ٹی آئی کا اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ
قبل ازیں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیف وہیب اکبر ایوب کی زیر صدارت ہوا جس میں پی ٹی آئی ارکان نے اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور شریک نہ ہوئے۔
وزیر قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہمارے ارکان ناراض ہیں، اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان سے حلف لیا جانا تھا جس میں 21 خواتین اور 4 اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین شامل ہیں۔
جمعیت علماء اسلام اور ن لیگ کی 7 ، 7 خواتین پیپلزپارٹی کی 4 خواتین نے حلف اٹھانا تھا، اے این پی کی 2 اور پی ٹی آئی پی کی ایک خاتون سے حلف لیا جانا تھا، جے یو آئی کی دو اقلیت نشست پر منتخب اراکین عسکر پرویز اور گورپال سنگھ سے بھی حلف لیا جاناتھا۔
ن لیگ کے سریش کمار اور پیپلزپارٹی کے کوٹے پر منتخب بہاری لالا نے بھی آج حلف اٹھانا تھا۔