خیبرپختونخوا: سینیٹ کی 11 نشستوں کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی شروع

Published On 21 July,2025 11:10 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا، جس کے لیے 25 امیدوار میدان میں ہیں، پولنگ کا وقت4بجے ختم ہونا تھا، جسے ساڑھے پانچ بجے تک بڑھا دیا گیا۔

سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 145 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، آخری ووٹ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسمبلی علی امین گنڈا پور نے کاسٹ کیا، الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم مقرر کیا گیا تھا اور سینیٹ الیکشن کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔

جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور پیر نورالحق قادری پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی امیدوار ہیں۔

جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، پی پی پی کے طلحہٰ محمود اپوزیشن کے امیدوار ہیں اور جنرل نشست پر جے یو آئی ایف کے عطاء الحق بھی اپوزیشن کے امیدوار ہیں۔

خواتین کی نشست پر پی پی پی کی روبینہ خالد اپوزیشن کی امیدوار ہیں اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی ف کے دلاور خان امیدوار ہیں۔

کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے، جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے 19 ووٹ درکار ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں 6 اور 5 نشستوں کا فارمولا طے پایا ہے، فارمولے کے مطابق حکومت کے حصے میں 6 جبکہ اپوزیشن کے حصے میں 5 نشستیں آئیں گی۔