اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف نہ لینے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مونچھوں والی سرکار نے سینیٹ الیکشن چوری کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
حلف نہ لینے کو آئین و جمہوریت کے خلاف سنگین سازش قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کو آئینی تماشہ بنا دیا گیا، مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں سے حلف نہ لینا آئین کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے اور یہ عمل نہ صرف جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے بلکہ یہ سیاسی بدمعاشی کی واضح مثال بھی ہے۔
اختیار ولی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اپنے ارکان بھی پارٹی کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو حلف لینے سے روکا جا رہا ہے تاکہ سینیٹ الیکشن کے نتائج کو متاثر کیا جا سکے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کا مقصد ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کو ان کے آئینی حق سے محروم رکھنا ہے، جو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن اور عدالتِ عظمیٰ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عمل کی بحالی اور جمہوری تسلسل کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔