لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کیلئے پولنگ مکمل ہو گئی، بیلٹ باکس اوپن کر دیئے گئے، ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا۔
سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو کہ شام 4 بجے تک جاری رہی، سینیٹ انتخابات کیلئے اراکین اسمبلی نے 345 ووٹ کاسٹ کئے، نشست پر 4 امیدوار مدمقابل ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز نے پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دیئے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مہر عبدالستار ہیں جبکہ خدیجہ صدیقی اور اعجاز منہاس آزاد امیدوار ہیں، کامیابی کے لئے 185 ووٹ درکار ہیں، حکومتی امیدوار کو 261 جبکہ اپوزیشن کو 108 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے۔
پنجاب اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 371 ہے جبکہ دو نشستیں خالی ہیں، الیکشن کیلئے کل ووٹوں کی تعداد 369 ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے کل ووٹوں کی تعداد 229، پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ ق کے ووٹوں کی تعداد 11 ہے، جبکہ مسلم لیگ ضیاء کا ایک ووٹ ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ووٹوں کی تعداد 27 ہے، سنی اتحاد کونسل کے 76 ووٹ ہیں، جبکہ تحریک لبیک پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک ووٹ ہے، اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی کے 7 ووٹ ہیں۔
یاد رہے کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔