اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر آج بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج کیلئے 5 اگست کے بجائے کوئی اور دن رکھتی تو اچھا ہوتا، آج سیاسی سرگرمیوں کا نہیں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن ہے، پی ٹی آئی والے احتجاج کرکے دیکھ لیں کچھ نہیں ہوگا، بات چیت کے دروازے ہروقت کھلے رہتے ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں ریلی نکالیں گے، پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے واضح مؤقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کرتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مظالم سے کشمیری عوام کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔