وزیراعظم سے طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات، تعلیمی کامیابی پر مبارکباد

Published On 10 August,2025 02:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اکرام اللہ نے ملاقات کی جس نے راولپنڈی میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ 2022 میں دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ سے امدادی خیمے میں ملاقات ہوئی تھی جس میں اکرام اللہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور میں نے ان کے تعلیمی اخراجات براداشت کرنے کا اعلان کیا تھا، آج یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ اکرام اللہ محنت سے اپنے اہداف کی طرف گامزن ہے۔

اس موقع پر اکرام اللہ نے کہا کہ پچھلی مرتبہ میں نے آپ سے پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا جو میں نے پورا کیا اور آپ سے ملاقات کیلئے آیا ہوں۔

وزیر اعظم نے اکرام اللہ کو یاد دلایا کہ گزشتہ ملاقات میں آپ نے سیاہ رنگ کی شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی ، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ اس دن بہت چمکتی دھوپ تھی اور آپ نے کہا تھا کہ ہمارے علاقہ میں کوئی سکول نہیں ، بچوں کو تعلیم کے حصول کیلئے بہت دور جانا پڑتا ہے، مجھے تعلیم حاصل کرنے کا بڑا شوق ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ پھر میں اکرام اللہ کو لارنس کالج لے آیا، گزشتہ روز جب میں نے یہ خبر پڑھی کہ اکرام اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا، اکرام اللہ کے اساتذہ اور والدین کی دعائیں اور اکرام اللہ کی محنت رنگ لائی ہے، یہ بہت خوشی کی بات ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔

طالب علم اکرام اللہ نے وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ لوگ سیاست میں ہر کسی کیلئے کچھ نہ کچھ کرتے ہیں لیکن آپ کا رویہ میرے ساتھ سیاست سے ہٹ کر تھا ، آپ نے بہت ہی پسماندہ علاقے سے ایک بچہ لیا اور اس کو لارنس کالج میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا، میری کامیابی آپ کی مرہون منت ہے۔

وزیر اعظم کے استفسار پر اکرام اللہ نے بتایا کہ میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ تقریری مقابلوں میں بھی شرکت کرتا ہوں، اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے طالبعلم اکرام اللہ کو خصوصی تحفہ بھی پیش کیا اور کہا کہ یہ تحفہ مستقبل میں آپ کی پڑھائی اور عملی زندگی میں بھی کام آئے گا۔