شانگلہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے تحصیل مخوزی، شانگلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے تباہ شدہ انفراسٹرکچر، بشمول بونیر اور شانگلہ (پورن) کو ملانے والے چوگا میں تباہ حال مرکزی پل کا معائنہ کیا، یہ دورہ حالیہ شدید بارشوں کے بعد کیا گیا جس میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے۔
انجینئر امیر مقام نے تحصیل مخوزی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں جن میں یونین کونسل موسیٰ خیل، کوز پاؤ اور ڈیر سر شامل ہیں کا دورہ کیا،دورے کے دوران انجینئر امیر مقام نے حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے علاقوں کا تفصیلیی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے اور اہم انفراسٹرکچر، خصوصاً متاثرہ پل کی بروقت مرمت کو یقینی بنایا جائے جو بونیر اور شانگلہ اضلاع کے درمیان ایک اہم رابطہ ہے۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر متاثرین کے مسائل سنے اور متاثرہ افراد کے ساتھ وفاقی حکومت کی بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا وفاقی حکومت آپ کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور آپ کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، ہم علاقے میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔