لندن: (دنیا نیوز) سپین کے کارلوس الکاریز ومبلڈن اوپن ٹینس کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔
اٹلی کے جینک سنر نے پہلی بار ومبلڈن اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں اٹالین پلیئر نے دفاعی چیمپئن کارلوس الکاریز کو ایک کے مقابلے میں تین سیٹ سے شکست دی۔
فائنل میں جینک سنر کی جیت کا اسکور چار چھ، چھ چار، چھ چار اور چھ چار رہا، جینک سنر نے کیریئر کا چوتھا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا، فاتح کھلاڑی کو کیٹ میڈلٹن نے ٹرافی دی۔
واضح رہے کہ یہ میچ نہ صرف دو ابھرتے ہوئے سٹارز کے درمیان تھا بلکہ ایک ایسی نئی ٹینس رقابت کا حصہ بھی جس نے فیڈرر، نڈال اور جوکووچ کے سنہری دور کے بعد شائقین کو پھر سے پرجوش کر دیا۔
صرف پانچ ہفتے پہلے الکاریز نے فرنچ اوپن کے فائنل میں سنر کے خلاف تاریخ ساز واپسی کرتے ہوئے ایک کلاسک مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
الکاریز اور سنر گزشتہ آٹھ میں سے سات گرینڈ سلام ٹائٹل آپس میں بانٹ چکے ہیں اور 2024ء کے آغاز سے اب تک ہونے والے چھ گرینڈ سلام مقابلے ان دونوں کے درمیان تین تین کی تقسیم میں رہے ہیں۔
ٹینس کی دنیا میں اب یہ مقابلہ نئی کلاسیکی رقابت کے طور پر دیکھا گیا، الکاریز ایک کرشماتی شو مین ہیں جنہوں نے ومبلڈن کے شائقین کے دل جیت رکھے ہیں جبکہ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی جنک سنر ایک منظم، موثر اور سرد و سنجیدہ انداز میں کھیلنے والے کھلاڑی کے طور پر جانے جا رہے ہیں، جنہیں کئی تجزیہ کار ’جوکووچ 2 ‘ کہہ رہے ہیں۔