ومبلڈن: گریگور انجری کے باعث دستبردار، سنر نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

Published On 08 July,2025 09:42 am

لندن: (دنیا نیوز) ومبلڈن کے سنٹر کورٹ پر پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب بلغاریہ کے گریگور دمتروف انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہونے پر آبدیدہ ہو گئے حالانکہ وہ دو سیٹس کی برتری میں تھے، اس طرح اٹلی کے پہلے سیڈ یانیق سنر کو غیر متوقع طور پر کوارٹر فائنل میں رسائی مل گئی۔

میچ کے آغاز میں خود سنر بھی خطرناک طریقے سے گرنے کے بعد کہنی کی تکلیف میں مبتلا دکھائی دیئے اور انہوں نے اعلان کیا کہ وہ منگل کو ایم آر آئی سکین کروائیں گے تاکہ چوٹ کی نوعیت کا پتہ لگایا جا سکے۔

سنر ابتدائی دو سیٹس میں دمتروف کے متنوع کھیل کے سامنے بے بس نظر آئے اور وہ 3-6، 5-7، 2-2 پر شکست کے دہانے پر تھے لیکن اسی دوران 34 سالہ دمتروف نے اپنے سینے کے دائیں جانب درد کی شکایت کی اور میچ جاری نہ رکھ سکے۔

دمتروف جو 19ویں سیڈ کے طور پر ٹورنامنٹ میں شریک تھے، گزشتہ پانچ گرینڈ سلیم مقابلوں میں بھی انجری کی وجہ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔

یانیق سنر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمانداری سے کہوں تو میرے پاس الفاظ نہیں، دمتروف ایک لاجواب کھلاڑی ہیں اور ہم سب نے آج ان کا کھیل دیکھا، بدقسمتی سے وہ کئی سالوں سے انجری کا شکار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ میرے اچھے دوست بھی ہیں اور کورٹ سے باہر بھی ہمارا تعلق مضبوط ہے، اگر وہ اگلا راؤنڈ کھیلنے کے قابل ہوتے تو واقعی اس کے مستحق تھے۔

دمتروف نے تیسرے سیٹ میں ایک شاندار ایس مار کر سکور 2-2 کر دیا مگر فوراً بعد تکلیف میں مبتلا ہو کر گر پڑے، سنر فوراً ان کی مدد کو دوڑے لیکن دمتروف چند لمحوں بعد آنسوؤں کے ساتھ کورٹ پر واپس آئے اور مزید کھیلنے کے قابل نہ رہے وہ بمشکل ہاتھ ہلا کر شائقین کے خراج تحسین کا جواب دے سکے۔

سنر نے مزید کہا کہ میں اسے جیت نہیں سمجھتا، یہ محض ایک افسوسناک لمحہ تھا، گزشتہ کچھ گرینڈ سلیمز میں بھی دمتروف انجری کا شکار رہے ہیں اور آج دوبارہ یہ منظر دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے، ان کا ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ کھیل سے کتنی محبت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ دمتروف نے گزشتہ سال ومبلڈن میں بھی چوتھے راؤنڈ میں گھٹنے کی انجری کے باعث مقابلہ ادھورا چھوڑا تھا اور اس کے بعد یو ایس اوپن، آسٹریلین اوپن اور حالیہ فرنچ اوپن سے بھی دستبردار ہونا پڑا تھا۔