کلارا ٹاؤسن کو شکست، شفیونٹیک کی ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں انٹری

Published On 08 July,2025 09:34 am

لندن: (ویب ڈیسک) پولینڈ کی ٹینس سٹار ایگا شفیونٹیک نے ڈنمارک کی کلارا ٹاؤسن کو 6-4، 6-1 سے شکست دے کر ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

پانچ بار گرینڈ سلیم چیمپئن رہنے والی 24 سالہ شفیونٹیک ابھی تک ومبلڈن فائنل تک نہیں پہنچ سکیں لیکن رواں ٹورنامنٹ میں بڑی سیڈز کے جلد باہر ہونے کے بعد ان کے پاس جیتنے کا سنہری موقع ہے۔

کوارٹر فائنل میں شفیونٹیک کا مقابلہ روس کی لیوڈمیلا سیمسونووا سے ہوگا جنہوں نے سپین کی جیسیکا بوزاس مانئیرو کو 7-5، 7-5 سے شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

شفیونٹیک نے میچ کے بعد کہا ہے کہ سچ کہوں تو یہ بہت حیران کن ہے، یہ پہلا موقع ہے جب میں نے لندن میں واقعی لطف اٹھایا، ہم ٹینس کھلاڑی ہیں اور ہم کورٹ پر اچھا کھیلیں تو کورٹ سے باہر بھی اچھا محسوس کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایگا شفیونٹیک نے رواں سال آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کے سیمی فائنلز میں جگہ بنائی تھی لیکن ومبلڈن میں کامیابی ہمیشہ ان کے لیے چیلنج رہی ہے۔

ایگا صرف ایک بار ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں لیکن حالیہ دنوں میں گھاس کی کورٹ پر ان کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے جیسا کہ جرمنی کے شہر باد ہومبرگ میں فائنل میں پہنچنے سے ظاہر ہوتا ہے، شفیونٹیک 2018 میں ومبلڈن جونیئر ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔

اب شفیونٹیک صرف تین فتوحات کی دوری پر ہیں کہ وہ اپنے کیریئر میں پہلی بار ومبلڈن ٹرافی جیت کر اپنے چار فرنچ اوپن اور ایک یو ایس اوپن ٹائٹل کے ساتھ اسے بھی شامل کر سکیں۔