پاک فضائیہ کی خیبر پختونخوا میں امدادی سرگرمیاں جاری، 48 ٹن سامان پہنچایا

Published On 18 August,2025 05:44 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاک فضائیہ نے قوم کی پکار پر لبیک کی اپنی روایت کو برقرار رکھا جب بھی قدرتی آفات کے دوران قوم نے پکارا پاکستان ایئر فورس نے لبیک کہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فضائیہ نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا، ایک غیر سرکاری تنظیم کا فراہم کردہ 48 ٹن امدادی سامان بوئنگ 737 طیارے کے ذریعے کراچی سے پشاور منتقل کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا ایئر برج قائم کرکے پاک فضائیہ نے ہنگامی بنیادوں پر اشد ضرورت کے سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا، امدادی سامان کی ترسیل سے بونیر اور شانگلہ کے سیلاب زدہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کو سہارا ملا ،خشک راشن پر مشتمل یہ سامان این ڈی ایم اے کے قریبی تعاون سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ انسانی ہمدردی پر مبنی مشن اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جو پاک فضائیہ نے ہمیشہ سے قائم رکھا، پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ہم وطنوں کو مدد فراہم کرنے میں بھی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔