راولپنڈی: (احمد بھٹی) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی جبکہ سلمان اکرم راجا اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اکتوبر اور 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمات کی سماعت کی۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان دانستہ طور پر تفتیشی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، عالیہ حمزہ کی قبل ازیں ضمانت خارج ہوئی اور پھر ضمانت لی تھی۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی، ضمانت عدم حاضری اور عدم پیروی پر خارج کی گئی۔
دوران سماعت اعظم سواتی کے وکیل کی جانب سے عدم حاضری کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی، وکیل نے درخواست کی کہ اعظم سواتی پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
عدالت نے درخواست کو قبول کر تے ہوئے عبوری ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کر دی، جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا عدالت کے روبرو پیش ہوئے جس پر عدالت نے سلمان اکرم راجا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔