راولپنڈی: (دنیا نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے کاظم خان کی قیادت میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری سے ملاقات کی۔
اراکین وفد نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران شاندار کارکردگی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وفد کے اراکین نے کہا کہ معرکہ حق کے تمام مراحل کے دوران آئی ایس پی آر نے کلیدی کردار ادا کیا اور ہندوستانی میڈیا کے ہیجان انگیز پروپیگنڈے کے جواب میں بروقت اور معتبر اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
اراکین وفد کا کہنا تھا کہ یہ فقید المثال فتح پاکستانی قوم، حکومت پاکستان اور عسکری اداروں کی باہمی اور مربوط حکمت عملی کا ثمر ہے۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کہا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کی ملک بارے مثبت سوچ پاکستان کے روشن مستقبل کی دلیل ہے، دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے انڈین منفی سوچ اور وسائل کار فرما ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج عوام کی تائید سے اس پراکسی جنگ کا قلع قمع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام میں مایوسی پھیلائی جانے کی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ بلوچستان کے محب وطن اورغیور عوام ان ملک دشمن عناصر اور ان کے بیرونی آقاؤں کی ریشاداونیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ میڈیا نے پاکستان کو درپیش مسائل اور چیلنجز میں ہمیشہ ایک ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے نہ صرف ذمہ دارانہ اور اعلیٰ صحافتی اقدار کا مظاہرہ کیا بلکہ انڈین میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا انتہائی مؤثر جواب دیا۔
آخر میں وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔