اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیٹرن انچیف یو بی جی (یونائیٹڈ بزنس گروپ) ایس ایم تنویر نے کہا کہ میاں عامرمحمود صوبوں کے بارے میں بہت اچھی بات کر رہے ہیں، جو میاں عامر محمود نے کہا وہی بات ہم بھی کر رہے ہیں، نئے صوبے بن سکتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی میں ہمارا ایک ریسرچ سیل ہے، ریسرچ سیل کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ اکانومی پر توجہ دینی چاہئے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملک میں 36 ڈویژنز ہیں ان کو بااختیار بنانا ہوگا، جب پاکستان بنا تو چار صوبے تھے، بھارت میں 9 صوبے تھے اور آج 36 ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا اس طرح سے ہماری اکانومی نہیں چل سکتی، اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے تو آؤٹ آف دی باکس سوچنا پڑے گا۔
پیٹرن انچیف یو جی بی کا کہنا تھا کہ حکومت نے کہا ہے معاملہ پہلے سی سی آئی میں لے کر جائیں گے، ٹوتھرڈ میجورٹی سے صوبے اور پھر وفاقی حکومت فیصلہ کرے گی۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ پورے پنجاب میں صرف لاہور شامل نہیں ہے، جو ڈسٹرکٹ پیچھے رہ گئے ہیں انہیں بااختیار بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاست دان نہیں ہیں، ملک کی اکانومی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، نچلی سطح پر اختیارات منتقل کرنا ہوں گے ورنہ ہمارا ملک آگے نہیں چل سکتا۔