بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے جمہوریہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بیجنگ میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، رابطے، توانائی، علاقائی سلامتی، ثقافت اور عوام سے عوام کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمان نے مشترکہ ثقافتی، تاریخی اور مذہبی رشتوں میں جڑے پاکستان تاجکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تشویش کے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی نقطہ نظر کا تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی موجود تھے۔
وفود کی سطح پر ہونے والی اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے دنیا بھر میں 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، بیلٹ اینڈ روٹ اینیشی ایٹیو اس کی واضح مثال ہے۔
اس موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کرتے ہیں، اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر پاکستان کے اہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ دی جارہی ہے، امید ہے پاکستان چینی عملے اور پراجیکٹس کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کرے گا۔