ماسکو: (شاہد گھمن) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت، ریلوے رابطوں اور اقتصادی تعاون کے اہم پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کے موقع پر ماسکو میں ہوئی۔
اسحاق ڈار کے مطابق بات چیت "انتہائی جامع اور نتیجہ خیز" رہی جس میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے، زمینی و ریلوے رابطوں کو بہتر بنانے اور خطے میں اقتصادی روابط کو مستحکم کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی چینی وزیراعظم سے ملاقات، اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال
انہوں نے روس میں ملنے والی گرمجوش میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دراصل ماسکو سے روانہ ہونے والے تھے لیکن وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کے لیے خصوصی طور پر اپنا قیام بڑھایا۔
روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور روس کا شراکت داری کا رشتہ جنوبی ایشیا میں روس کی پالیسی کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔
الیکسی اوور چک کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھ رہے ہیں اور عالمی فورمز خصوصاً شنگھائی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ میں قریبی ہم آہنگی جاری ہے۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں باہمی مشاورت اور عملی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔



