جنگ ستمبر 1965 کا چودہواں روز، بھارتی میجر جنرل کی ڈائری سے انکشافات

Published On 14 September,2025 12:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ستمبر 1965 کی جنگ کے چودہویں روز لاہور کے محاذ سے ملنے والی بھارتی میجر جنرل کی ڈائری سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے۔

بھارتی میجر جنرل کی ڈائری میں بھارتی فوج کو جنگ سے متعلق احکامات کا عندیہ دیا گیا، بھارتی افواج کو اقتدار کی جنگ میں مہرے کے طور پر استعمال کئے جانے کا گھناؤنا انکشاف ہوا۔

ڈائری میں درج تھا کہ نئی دہلی کے سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کے خلاف بھارتی فوج کی ناقص کارکردگی حکومت کے لئے بڑا بحران بن رہی ہے۔

پاک فوج نے لاہور میں مقبول پور کے محاذ پر دشمن کا حملہ پسپا کرتے ہوئے 150 بھارتی فوجی ہلاک کئے جبکہ دشمن اس سے دگنے زخمی فوجی چھوڑ کر بھاگ گیا، گدرو کے محاذ پر پاکستانی فوج نے بھارتی پوسٹ پر قبضہ کرتے ہوئے ایک بھارتی افسر اور 35 سپاہیوں کو جنگی قیدی بنا لیا۔

14 ستمبر کو بھارتی فضائیہ کو مزید 11 جنگی طیاروں کا نقصان اٹھانا پڑا جس سے بھارتی فضائیہ کے تباہ شدہ طیاروں کی تعداد 80 ہو گئی جبکہ 5 بھارتی ٹینک تباہ کر دیئے، تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن پر برتری کو ثابت کیا۔