چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل، ڈویژن بنچ کا تحریری حکم

Published On 20 September,2025 12:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کے سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس نے تحریری حکم جاری کیا، عدالت کو بتایا گیا کہ سنگل بنچ نے فیصلہ کرتے وقت اٹارنی جنرل کو نوٹس نہیں کیا اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ممبر ایڈمنسٹریشن کی تعیناتی قانون کے مطابق ہوئی تھی، عدالت نے درخواست گزار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے، اس سے قبل جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ دیا تھا۔