سیلاب متاثرین کی بروقت مدد پر مظفر گڑھ کے ارکان اسمبلی کا مریم نواز کوخراجِ تحسین

Published On 20 September,2025 04:58 pm

لاہور:(دنیا نیوز) مظفر گڑھ کے ارکا ن اسمبلی نے سیلاب متاثرین کی بروقت مدد پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صوبائی دارالحکومت میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ارکان اسمبلی عامر گوپانگ، سبطین بخاری اور نواب خان نے ریسکیو آپریشن کے لئے سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزارتی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نوازشریف کی ہدایت پر مریم اورنگزیب، وزرا خواجہ سلمان رفیق، کاظم پیر زادہ، رانا سکندر حیات اورصہیب بھرت نے 10دن سے زیادہ سیلاب زدگان کے لئے خدمات سرانجام دیں۔

اسی طرح وزیراعلیٰ نے علی پور میں سیلاب کی اطلاع ملتے ہی چیف سیکرٹری کو سب سے پہلے وہاں بھیجا، ہیڈ پنجند پر پارلیمنٹرین، ایری گیشن اور انتظامیہ موجود تھیں۔

رکن قومی اسمبلی عامر گوپانگ کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری نے مریم نواز کو وہاں جا کر حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا،سیلاب کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ خود علی پور آئیں اور حالات کا جائزہ لیا، انہوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122کے سربراہ ڈاکٹر رضون نصیر کو علی پور طلب کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ علی پور میں اتنے بڑے علاقے کا زیرِ آب آنا توقعات اور سمجھ سے بالا تر تھا، مریم نوازشریف نے فوری طور پر ریسکیو کے لئے 100کشتیاں بھیجنے کی ہدایت کی، علی پورکے2صوبائی علاقوں کا تقریباً 90فیصد علاقہ زیر آب آگیا۔

عامر گوپانگ کا کہنا تھا کہ سیلاب آنے پر لوگوں کو بروقت محفوظ مقام پر پہنچانا بہت بڑا چیلنج تھا،ورنہ سب سے بڑاانسانی ا لمیہ جنم لے سکتا تھا، ہم نے 25کے قریب اپنے بڑے بڑے بیڑے بھی انخلا آپریشن کے لئے مختص کئے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے تمام افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے ریسکیو کیا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ سینئرصوبائی مریم اورنگزیب نے 10دن تک باریک بینی سے نگرانی کی، علی پور کے ہائی سکول، گرلز کالج، خیر پور سعادات اور باڑہ بنگلہ میں ریلیف کیمپ بنائے گئے،علی پورکے سیلاب متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب اور اُن کی ٹیم نے خود سیت پور اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا،1947کے بعد علی پور کے علاقے میں تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت دیکھنے میں آئی، سیلاب متاثرین کی حالت زار دیکھ کر رونا آرہا تھا لیکن پلاننگ کے تحت بہترین ریسکیو پلان مرتب کیا گیا۔

عامر گوپانگ نے کہا کہ پلاننگ نہ کی جاتی تو 2،3ماہ میں بھی ریسکیو آپریشن ممکن نہ تھا، مختلف علاقوں سے سیلابی ریلے کی وجہ سے لوگ فلڈ بند پر آکر بیٹھ گئے، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزارتی ٹیم نے خود حالات کا جائز ہ لیا اور ایکشن لیا۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مریم نوازشریف کی ہدایت پر 3ہزار ٹینٹ اور 10ہزار لوگوں کے لئے راشن ٹرکوں میں پہنچا دیا، بہت بڑے بیڑوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کو راشن اور دیگر سامان پہنچایا گیا جب کہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں بھی فلڈ کیمپوں میں موجود رہیں۔