سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستیں 7 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر

Published On 23 September,2025 09:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستیں 7 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہیں۔

سپریم کورٹ میں دائر 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 8 رکنی آئینی بینچ 7 اکتوبر صبح ساڑھے گیارہ بجے کرے گا۔

آئینی بینچ میں جسٹس جمال خان مندو خیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔

خیال رہے 11 ستمبر 2025 کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے بھی سپریم کورٹ سے مطالبہ تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 27 جنوری 2025 کو ان درخواستوں پر پہلی سماعت کی گئی تھی، جس میں فریقین کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔