مریم نواز سے نیوی وار کالج کے وفد کی ملاقات، اقدامات پر بریفنگ

Published On 27 September,2025 02:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان نیوی وار کالج کے 55 ویں سٹاف کورس کے شرکاء نے ملاقات کی جس میں وفد کوحکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وفد میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران اور 15 دوست ممالک کی مسلح افواج کے افسران شریک تھے، پاکستانی نیوی وار کالج کے وفد کی قیادت ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان نیوی وار کالج کے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا، فلسطینیوں کیلئے حمایت کے اعلان کا اعادہ کرتے ہوئے وفد میں فلسطینی افسروں کی شمولیت کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سیلاب میں امدادی اقدامات میں معاونت پر پاکستان نیوی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وفد کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات اور چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کرنے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب کی معیشت سیاحت کے ذریعے مضبوط کریں گے: مریم نواز

پاکستان نیوی وار کالج کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اختراعی اقدامات کو سراہا، وزیراعلیٰ نے وفد کے شرکاء کے سوالات کے خوش دلی سے جوابات دیے۔

وزیراعلیٰ سے ایک جنوبی افریقی آفیسر نے سوال کیا کہ میری دو بیٹیاں ہیں، آپ کی کامیابیاں متاثر کن ہیں، مجھے انہیں کیا کہنا چاہئے؟

مریم نواز شریف نے آفیسر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کو مواقع دیں، اعتماد اور حوصلہ دیں، وہ آگے بڑھیں گی اور ترقی کریں گی، ایک اور آفیسر کے سوال کے جواب میں کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں، ووٹ خدمت اورکام پر دیں۔

وزیراعلیٰ نے ایک خاتون نیول آفیسر کے سوال پر کہا کہ ہراسمنٹ پر زیروٹالرنس ہے، پنجاب کو خواتین کے لئے محفوظ تر بنانا چاہتے ہیں، ایک اور سوال پر کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ ماضی کی روایات کی نفی کرتے ہوئے نئی اپروچ اورنئے آئیڈیاز کو فروغ دیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں سے آنے والے لاکھوں لوگوں کی میزبانی کررہے ہیں، معاشی بہتری کی وجہ سے حالات روز بروز بہتر ہورہے ہیں،خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہیں۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا 1000بیڈ کا سرکاری کینسر ہسپتال دس ماہ میں مکمل ہوگا، دورہ چین کے دوران کینسر کے علاج کے لئے افادیت دیکھ کر کو آبلیشن مشین منگوائی، سرجری، کیمو، ریڈیوتھراپی کے بغیر کینسر کا علاج کیا جارہا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ سرگودھا میں ڈویژن بھرکیلئے پہلا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنارہے ہیں، پنجاب کے 2500مراکز صحت کو بہترین ہسپتالوں میں بدل دیا ہے، 32 فیلڈ ہسپتال اورکلینک آن وہیل کے ذریعے گاؤں گاؤں شہر شہر لوگوں کا علاج ہو رہا ہے، چلڈرن ہارٹ سرجری، ڈائلیسز اورٹرانسپلانٹ پروگرام شروع کیے گئے ہیں، نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں صحت کی جدید ترین سہولتیں مہیا کریں گے، پنجاب کے 16اضلاع میں امراض دل کیلئے کیتھ لیب بنائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے تعلیمی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 55ہزار طلباء کو ہونہار سکالرشپ اور73ہزار طلباء کو لیپ ٹاپ دے چکے ہیں، پنجاب میں بننے والے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سینٹر دنیا کے کسی بھی سکول سے بہتر ہیں،پاکستان کا پہلا سرکاری سکول آف آٹزم کا پراجیکٹ75فیصد سے زائد مکمل ہوچکا ہے۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ کاشتکاروں کیلئے پہلی مرتبہ ویٹ سپورٹ پروگرام اورکسان کارڈ جیسے پراجیکٹ لائے ہیں،پوٹھوہار ڈویژن میں ایگری کلچر ٹرانسفارمنگ پروگرام کے ذریعے زرعی انقلاب آئے گا،زراعت میں ریسرچ اورڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے کرچھوٹے کاشتکار کا ہاتھ تھامنا چاہتے ہیں، زرعی ایگری کلچر میکانائزیشن پر خصوصی توجہ ہے،زرعی آلات پر خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر“پراجیکٹ کے تحت 80ہزار گھر بن رہے ہیں،سال کے آخر تک ایک لاکھ بن جائیں گے، ’’اپنی زمین اپنا گھر“ کے لئے 4لاکھ83ہزار لوگ رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کیا، تین دریا ابل پڑے، تین ماہ متواتر بارش ہوئی، تیاری نہ ہوتی تو بہت نقصان ہوتا، اس دوران پنجاب میں پاکستان کا سب سے بڑا ریسکیو ریلیف آپریشن مکمل کیا، 25 لاکھ لوگوں کو ریسکیو کر کے رہنے کیلئے چھت اورخوراک مہیا کی۔

انہوں نے بتایا کہ میرے وزیر سیلا ب زدہ علاقوں میں جا کر 15 دن تک 18،18گھنٹے کام کرتے رہے، پنجاب میں پہلی مرتبہ 20ہزار کلومیٹر روڈز کی تعمیر ومرمت کی گئی، پنجاب ڈویلپمنٹ پلان اورلاہور ڈویلپمنٹ پلان کے ذریعے تمام پراجیکٹ مکمل کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں عوام کو محفوظ اورصحت مند ماحول مہیا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پنجاب میں سموگ کے سدباب کیلئے اینٹی سموگ گن استعمال کی جائے گی،پہلی مرتبہ پنجاب میں وائلڈ لائف رینجر کا قیام عمل میں لایاگیا ہے،پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام شروع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکر میرے ہیرو ہیں،کاربن کریڈٹ پروگرام حکومت پنجاب کی کامیابی ہے، شہروں کی بیوٹیفکیشن اورٹورازم سائٹس بحال کی جا رہی ہیں، الیکٹروبس محض ٹرانسپورٹ نہیں بلکہ جدت اورانقلاب ہے، پنجاب میں 1100الیکٹرو بسیں لائی جارہی ہیں،صرف 20روپے میں بہترین سفر میسر ہوگا، نئی اور جدید ٹرانسپورٹ سے شہری اوردیہی علاقوں میں بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے وفد کو بتایا کہ پنجاب کی پہلی فضائی کمپنی ایئر پنجاب بھی جلد لانچ کی جارہی ہے، پنجاب کی 15 سروس پاکستان کا سب سے بڑا کال سینٹر ہے، پنجاب میں کرائم میں 70فیصد تک کمی آچکی ہے، 16 ڈسٹرکٹ میں کرائم زیرو کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ شہباز شریف نے لاہور میں سیف سٹی پروگرام شروع کیا،اب پنجاب کے 25اضلاع میں سیف سٹی پر وگرام جاری ہے، مہنگائی،ذخیرہ اندوزی اورتجاوزات کے خاتمے کیلئے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگو لیٹری اتھارٹی بنائی، اشیاء ضروریہ کے نرخ پر کنٹرول کیلئے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قائم کیا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب نے پہلا سکھ میرج ایکٹ متعارف کرانے کا اعزاز حاصل کیا، پولیس اورضلعی انتظامیہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے کے پی آئی سسٹم متعارف کرایا،پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا سکھ ٹورسٹ کاریڈور ہے، سیلاب آنے پر 24گھنٹے میں کرتار پور راہداری کو واٹر فری کر کے کھول دیا گیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ہر چیز سے بے نیاز ہوکر کام پر توجہ دی، ہم کارکردگی اور پرفارمنس میں مقابلے پر یقین رکھتے ہیں، روٹی اورآٹے کی قیمت کو عوام کی پہنچ میں رکھنے پر خصوصی توجہ دی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ قدامت پسند اور روایتی خاندان سے تعلق تھا، روایت شکن بن کر سامنے آئی، خود کو ثابت کرنے کیلئے بھائیوں سے زیادہ کام کرنا پڑا، والدین سے کہتی ہوں بیٹیوں کوسپورٹ کریں، وہ آگے بڑھیں گی، والد میرے سیاست میں آنے پر ہچکچاہٹ کا شکار تھے، آہستہ آہستہ سیاسی امور کو سمجھنا شروع کیا، آج یقین ہے والد مجھ پر فخر محسوس کرتے ہوں گے، نوجوان لڑکیاں مجھے بتاتی ہیں کہ آپ ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔

مریم نواز اپنے وژن کے حوالے سے بتایا کہ انڈسٹرلائزیشن کے بغیرروزگار کے مواقع نہیں بڑھ سکتے، پنجاب میں پہلی مرتبہ بلا سود قرض دے کر 13ہزار نئے کاروبار شروع کرائے، صنعتی ترقی کے سواترقی کا اور کوئی راستہ نہیں۔

اس موقع پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وارکالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے حکومت پنجاب کی غیر معمولی کامیابیوں کو سراہا۔

وفد میں سعودی عرب کے 12 نیول آفیسر، بحرین، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق، اردن، ملائیشیا، نائیجیریا، عمان، فلسطین، ساؤتھ افریقہ، ترکی، یواے ای اور یمن کے افسران شامل تھے۔