کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کی منسوخی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
بیرسٹر صلاح الدین نے مؤقف اختیار کیا کہ جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ اور ان فیئر مینز کمیٹی کا 25 ستمبر کا فیصلہ غیر قانونی ہے، یونیورسٹی کو ڈگری منسوخ کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کم از کم چار فیصلے موجود ہیں کہ جامعات نوٹس دیئے بغیر ڈگری منسوخ نہیں کرسکتیں۔
سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ یہ کیس ہمارے بنچ میں کیوں لگا ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جامعات سے متعلق کیسز اسی بنچ کے سامنے مقرر ہوتے ہیں۔
جسٹس کلہوڑو نے مزید پوچھا کہ کیا سپریم کورٹ میں بھی اسی نوعیت کی درخواست زیرِ سماعت ہے؟ جس پر بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے کام سے روکنے کے معاملے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہیں اور جواب آنے دیا جائے جس کے بعد مزید کیس کو سنا جائے گا، بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کی منسوخی سے متعلق درخواست پر سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔