راولپنڈی:(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز میں 13افراد جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 13 دہشتگرد کو منطقی انجام تک پہنچایا، مارے جانے والوں کا تعلق بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پہلی کارروائی کوئٹہ میں 30 ستمبر کو خوارج کے ایک ٹھکانے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرست خوارج کے 10 دہشتگرد مارے گئے۔
اسی طرح یکم اکتوبر کو ضلع کیچ میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کے دوران فتنہ الہندستان کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں آپریشنز میں بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، مارے گئے دہشتگرد متعدد تحریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک دشمن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے قومی عزم پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔