اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے تحفظات افہام وتفہیم سے دور کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں اسپیکر ایازصادق، اعظم نذیرتارڑ، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، رانا ثنااللہ اور رانا تنویرحسین نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کے درمیان سیاسی تنازع کے محرکات کا جائزہ لیا گیا جبکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کے بارے میں سپیکر نے آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ وفاقی وزرا کا مؤقف تھاکہ پیپلزپارٹی کا مسئلہ وفاق سے نہیں پنجاب حکومت سے ہے، وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کے تحفظات افہام وتفہیم سے دور کرنے، سپیکر اور وفاقی وزرا کوپیپلزپارٹی کی سینیئرقیادت سے ملاقاتیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاسی بیانات کی بنا پر پیپلزپارٹی سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہییں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی کے ساتھ رابطے جاری رکھنے اورتحفظات دورکرنے کےلیے مختلف آپشنزپرغور کیا گیا، وزیراعظم اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے بھی بات کریں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ پارٹی رہنماؤں نے دونوں طرف سے متنازع بیان بازی بند کرنے کی تجاویز دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔