پشاور:(دنیا نیوز) پی ٹی آئی کا چیف جسٹس کے نام لکھا گیا خط دنیا نیوز کو موصول ہو گیا۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کے لیے خط چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو لکھا گیا ہے ،جس کے متن میں لکھا گیا کہ علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کے بعد سہیل آفریدی 90 ووٹ لیکر وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔
خط میں لکھا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے لیے 12 اکتوبر کو 4 امیدواروں نے کاغذات جمع کئے،اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر نے اعتراض اٹھایا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر کی جانب سے منظور نہیں ہوا ہے۔
متن میں یہ بھی لکھا گیا کہ اپوزیشن لیڈر نے اعتراض اٹھایا کہ نئے وزیر اعلیٰ کے لئے انتخاب نہیں ہوسکتا ، گورنر خیبرپختونخوا حلف لینے کے لیے موجود نہیں۔
خط میں کہا گیا کہ نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینے انتہائی اہم ہے، درخواست کی جاتی ہے کہ سپیکر یا کسی اور کو نامزد کرکے نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لیا جائے۔