خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ34 دہشتگرد جہنم واصل

Published On 16 October,2025 02:10 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 34 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیرہ تا پندرہ اکتوبر انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی کارروائیاں کیں، شمالی وزیر ستان کے سپن وارم علاقے میں آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 18 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر آپریشن کے دوران 8 خوارجی ہلاک کئے جبکہ بنوں میں تیسری کارروائی کے دوران مزید 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم کے سلسلہ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے خفیہ معلومات پر آپریشن کئے جا رہے ہیں۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا، پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کی خاطر دہشتگردی کے خلاف تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی مہم مکمل قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

علاوہ ازیں وزیرداخلہ محسن نقوی نے 34 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔