منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ مؤخر

Published On 25 October,2025 11:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ مؤخر ہو گیا۔

سپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت جج عارف خان نیازی نے کی جس دوران عدالت نے پرویز الہٰی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔

پرویز الہٰی کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ قریبی رشتہ دار کی وفات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

کیس کے ریکارڈ کے مطابق ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس کا چالان عدالت میں جمع کروا رکھا ہے، عدالت کی جانب سے بریت کی درخواست پر فیصلہ بعد میں سنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔