مریم نواز نے پنجاب کے 65ہزار امام مسجد کیلئے وظیفہ مقرر کردیا

Published On 27 October,2025 05:57 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے 65ہزار امام مسجد کیلئے وظیفہ مقرر کردیا۔

صوبائی دارالحکومت امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتظامیہ عوام کوسہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے۔

اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کرے،انتظامیہ کی جانب سےکوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، پنجاب کے 65ہزار امام مسجد کیلئے وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ای بزنس سےمتعلق خصوصی اجلاس میں تفصیلی بریفنگ لی، انہوں نے منصوبے کے اجرا پر اظہار مسرت کیا اور دو ہفتے کی ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام محکموں کےاین اوسی ایک ہی چھت تلے بروقت مہیا کرنے اور اتھارٹیز کو مقررہ مدت کے اندر این او سی جاری کرنے کی ہدایت کی۔

اِسی طرح ای بزنس کی زیرالتوا درخواستوں کا ہفتہ وارجائزہ لے کرفوری فیصلےکرنےکی ہدایت کی اورای بزنس کے لیے پی آئی ٹی بی میں سپیشل سیل قائم کرنےکا بھی حکم دیا۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ ہرپندرہ روز کے بعد ای بزنس سےمتعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گی، سرخ فیتےکا خاتمہ میرا عزم ہے، ای بزنس کے ذریعے راتوں رات تبدیلی ممکن ہے، کسی کو اس کا حق مل جائے تو اس سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں۔

مریم نواز کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان بےپناہ مواقع کی سرزمین، کاروبارکےلیےوسیع مواقع موجود ہیں، عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ای بزنس گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، عوام کے لیے سہولت اور آسانی کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں، ای بزنس پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام جاری رہے گا۔