اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارتِ خارجہ نے کشمیر ڈے پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کنٹرول لائن کے آر پار اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا، وزارتِ خارجہ میں مرکزی تقریب ہوئی افسران و عملے نے شرکت کی جب کہ کشمیر یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سفارتی کور کو بھارتی مظالم پر خصوصی بریفنگ دی گئی، بھارتی مظالم پر مبنی دستاویزی فلم سفارت کاروں کو دکھائی گئی، صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ نے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی بھارت کے غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کی اور وزیرِ خارجہ کے خطوط اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی سربراہان کو ارسال کیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور اشتعال انگیز بیانات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، کشمیری عوام سات دہائیوں سے بھارتی جبر و استبداد کا شکار ہے،یومِ سیاہ پر کشمیری عوام کے عزم و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری ہے،پاکستان کا عہد ہے کہ ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ27 اکتوبر یومِ سیاہ پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کا 78واں سال مکمل ہو گئے، پاکستان کا اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ مقبوضہ وادی کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں۔



