پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں استحکام، ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے: شازیہ مری

Published On 29 October,2025 05:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں استحکام، ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتی ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور سماجی انصاف کے ذریعے کشمیر کے عوام کو ڈلیور کرنے پر یقین رکھتی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک پُرامن اور خوشحال کشمیر دیکھنا چاہتے ہیں جہاں عوام کی آواز اُن کے مستقبل کا تعین کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ جمہوریت کا مقصد صرف ووٹ نہیں بلکہ عوام کو باعزت زندگی دینا ہے، بلاول بھٹو زرداری سمجھتے ہیں کہ مساوات کے بغیر آزادی ادھوری ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، خواتین اور محروم طبقات کے ساتھ کھڑی ہے، کمزور طبقے کا تحفظ ہی حقیقی جمہوریت کی پہچان ہے، بلاول بھٹو زرداری کا ماننا ہے کہ امن اور مذاکرات ہی پائیدار راستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی علاقائی امن اور تعاون سے جڑی ہے، پیپلز پارٹی عوام کو بااختیار بنانے والی اصلاحات پر یقین رکھتی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد عوام کے لیے تھی۔

شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اس ورثے کو مساوات، ہمدردی اور عوامی طاقت کے پیغام کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔