آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق

Published On 28 October,2025 01:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق ہوگیا۔

ن لیگ نے تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا، رانا ثنا اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ نہیں ہوگی، پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا موجودہ کشمیر حکومت پر اعتماد نہیں۔

احسن اقبال نے کہا آزاد کشمیر کا موجودہ سیٹ اپ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر میں اکثریت حاصل ہوئی تو حکومت بنائے گی۔

قمر زمان کائرہ بولے مسلم لیگ ن کا فیصلہ ہے آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھے گی، موجودہ آزاد کشمیر کی حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہے، آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام لانا ہے، مسائل کا حل نکالنا ہے۔
صدر آصف علی زرداری سے مسلم لیگ ن کے وفد نے ملاقات کی، صدر مملکت نے مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ بننے کی باضابطہ دعوت دی۔

آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی، ۔پیپلزپارٹی نے حکومت سازی کیلئے مشاورت مکمل کرلی، نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان آج متوقع ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان کریں گے۔