اسلام آباد:(دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں سیاسی صورتحال فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کر دیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت کا دعویٰ ہے کہ 30 سے زائد ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حمایت کے بغیر حکومت بناسکتے ہیں، فریال تالپور کی جانب سے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں آج رات 10 بجے ڈنر دیا جائے گا۔
اسی طرح ڈنر میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی، مہاجرین نشستوں اور بیرسٹر سلطان گروپ کے ارکان شریک ہوں گے، بیرسٹر سلطان کے دھڑے نے فریال تالپور کے ساتھ ملاقات میں ووٹ کی یقین دہانی کرادی۔
ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر گروپ کے 5 اور مہاجرین نشستوں کے 5 ارکان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، دو ارکان کی حمایت خفیہ رکھی گئی ہے،دونوں دھڑوں کی شمولیت کے بعد 30 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی، پیپلز پارٹی آج پاور شو کے ذریعے اپنی عددی برتری ثابت کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری ریاض نے وزرا کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی بھی تصدیق کردی۔



