وزیراعظم آزاد کشمیر کی رخصتی پر زرداری بھی رضا مند، پی پی کے نمبر گیم کیلئے رابطے

Published On 25 October,2025 10:39 pm

مظفرآباد:(دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں نئے وزیراعظم انوارالحق کو ہٹانے کیلئے پیپلز پارٹی نے حتمی فیصلہ کر لیا، وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی ۔

ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی دوڑ میں چودھری لطیف اکبر ، چودھری یاسین اور فیصل ممتاز راٹھور کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم کی تبدیلی کیلئے پیپلز پارٹی نے لابنگ شروع کردی ہے، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 اراکین پر مشتمل ہے ، ایک رکن کے استعفیٰ کے بعد اراکین کی موجودہ تعداد 52 ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس 17 ، مسلم لیگ ن کے 9 ارکان موجود ہیں۔

 تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 4، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے پاس ایک، ایک نشست موجود ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف فاروڈ بلاک کے اراکین کی تعداد 20 ہے، فاروڈ بلاک کے 5 اراکین بیرسٹر گروپ سے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی کا پارلیمانی اجلاس: آزاد کشمیر اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت سے اب تک 4 وزراء نے استعفی دیا ہے ، پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر نے ان ہاؤس تبدیلی کے لیے بیرسٹر گروپ ، پی ٹی آئی فاروڈ بلاک کے اراکین سے رابطے تیز کر لیے ہیں ۔

علاوہ ازیں مرکزی قیادت کی جانب سے مسلم لیگ ن سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے واضح کیا تھا کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بیرسٹر گروپ، منحرف اراکین کے ساتھ مل کر حکومت بنا سکتی ہے۔