مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے قیام کو 78 برس مکمل ہو گئے، کشمیری عوام آج یوم تاسیس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے۔
آج کے دن تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے عظیم شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا ، 1947ء میں ظالم ڈوگرہ راج کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے کشمیری عوام نے ریاست جموں و کشمیر کے ایک حصے کو آزاد کروایا اور آزاد جموں و کشمیر کے نام سے 24 اکتوبر 1947ء کے روز کشمیریوں کی نمائندہ حکومت قائم ہوئی۔
اس حوالے سے ماہر قانون ملک نصیر اعوان نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر بھارت کا ناجائز قبضہ ہے، کشمیری قابض حصے کی آزادی کیلئے آج بھی سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آزاد کشمیر سردار شوکت نے کہا یوم تاسیس کے موقع پر کشمیری اسلاف کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے منزل کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کرتے ہیں۔



