کراچی :(دنیا نیوز) سابق وزیراعلی سندھ آفتاب شعبان میرانی کی نماز جنازہ ادا کرکے سپرد خاک کردیا گیا۔
شہر قائد کی مسجد بیت الاسلام ڈیفنس میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ،نثار کھوڑو سمیت سینئر پارٹی لیڈر شپ سمیت سیاسی وسماجی افراد نے شرکت نے کی۔
قبل ازیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیرِاعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ آفتاب شعبان میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی رفقا میں شامل تھے، وہ ایک سینیئر پارلیمنٹیرین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مخلص و وفادار رہنما تھے۔
اُنہوں نے مرحوم کی جمہوریت، وفاقِ پاکستان اور عوامی خدمت کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ پی پی کے دیگر رہنماؤں نے بھی اُن کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔



