سموگ کے پیش نظر مارکیٹوں کے اوقات کار پر عملدرآمد کا فیصلہ

Published On 04 November,2025 12:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی کے سدباب کیلئے مارکیٹوں کے طے شدہ اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں ستمبر 2023 کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹیں پیر سے ہفتہ تک رات 10 بجے بند کی جائیں گی، جبکہ اتوار کے روز دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک کاروباری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز یہ رات 12 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

مزید برآں ہوم ڈیلیوری سروسز کو رات 2 بجے تک کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، میڈیکل سٹورز، تنور، دودھ کی دکانیں، ہسپتال، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور پنکچر شاپس کو ان اوقاتِ کار سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔