سکیم 33 کی نجی سوسائٹی کے متاثرین کو پلاٹس نہ ملنے پر عدالت برہم

Published On 05 November,2025 10:47 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سکیم 33 کی نجی سوسائٹی کے 650 متاثرین کو پلاٹس نہ ملنے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ افسوس ہے متاثرین کا کیس سات سالوں سے زیرِ التواء ہے، 2020 میں کہا گیا تھا کہ متاثرین کو پلاٹس فراہم کیے جائیں گے لیکن پانچ سال گزر جانے کے باوجود وہ اب تک اپنے پلاٹس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عدالت نے مزید کہا ہے کہ متاثرین میں عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں جو چاہتے ہیں کہ ان کا مسئلہ جلد از جلد حل ہو۔

سندھ ہائیکورٹ نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ سماعت تک متاثرین کو پلاٹس کا قبضہ نہ ملا تو ملزمان کی عبوری ضمانت واپس لے لی جائے گی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کردی۔