این سی سی آئی کرپشن سکینڈل میں بڑی پیش رفت، کال سنٹرز بھی مبینہ طورپر ملوث

Published On 05 November,2025 06:22 pm

لاہور:(دنیا نیوز) این سی سی آئی کرپشن سکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ،کال سنٹرز کے ذریعے بڑے پیمانے پر مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد میں 20سے زائد کال سنٹرز پر کارروائی کرکے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا، تحقیقات میں متعلقہ ادارے کے 2 ڈائریکٹرز،3 ڈپٹی ڈائریکٹرز، 2 انسپکٹرز کال سنٹر فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی اداروں نے کال لاگز، فنانشل ٹرانزیکشنز اور اہم ای میل ریکارڈ حاصل کر لیے، کال سنٹر نیٹ ورک کے ذریعے شناختی و مالی معلومات کا مبینہ غلط استعمال کیا جاتا تھا، فراڈ میں ملوث افسران کا فنڈنگ نیٹ ورک بھی حاصل کر لیا گیا۔

اِسی طرح انٹیلی جنس فوٹیج اور سی سی ٹی وی سے کال سنٹرز کی سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد بھی حاصل کر لئے گئے، افسران اور ملازمین کو پہچائے جانے والے حصوں سے متعلق بھی مبینہ طور پر اہم ثبوت تحقیقاتی اداروں نے حاصل کر لئے۔

باوثوق ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے بینکنگ اور موبائل پیمنٹ ٹریل بھی حاصل کر لی، مبینہ پیسہ بینکنگ چینلز سے بیرونِ ملک منتقلی کے ثبوت بھی حاصل کئے گئے، آئندہ چند روز میں متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج ہونے کا امکان ہے۔