لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مخالفین بھی مریم نواز شریف کے اقدامات کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔
صوبائی دارالحکومت کے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کر دکھائے، حالیہ سیلاب نے بُرے طریقے سے صوبے کو متاثر کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل کرنے کے بعد متعلقہ خاندانوں میں ادائیگی کا عمل شروع کر دیا گیا، سیلاب متاثرین میں 10 ارب روپے تقسیم کیے گئے، مزید ادائیگیوں کا سلسلہ 30 نومبر تک مکمل کر لیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مخالفین بھی مریم نواز شریف کے اقدامات کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نےحکومت کے پہلے سال میں شروع ہونے والے پروجیکٹس میں سے زیادہ تر مکمل کر لیے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف نے جو وعدے کر کے پروجیکٹس شروع کیے وہ تو مکمل کیے ہی، ساتھ ہی جن منصوبوں کے حوالے سے کوئی اعلان یا وعدے نہیں کیا، انہیں بھی مکمل کر لیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے سابق حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت کے کلرکوں کے گھروں سے بھی کروڑوں روپے نکل رہے ہیں، پنجاب میں سرکاری نوکریوں کے لیے ریٹ کا بازار لگا ہوا تھا، تاہم موجودہ حکومت میں افسران کی تعیناتی و ترقی ان کی پرفارمنس کی بنیاد پر ہوتی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا ستھرا پنجاب منصوبے، جیسا پروگرام پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں آیا، اس منصوبے سے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کو نوکریاں ملیں، منصوبے میں اربوں روپے کی مشینری شامل کی گئی، ہزاروں ٹن کچرے کو ٹھکانے لگایا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی الیکٹرک بسوں پر بہت زیادہ بات ہوئی ہے، صوبے میں الیکٹرک بسوں کا پہلا فیز مکمل کر لیا گیا، جس کے تحت مختلف شہروں کو 200 بسیں فراہم کی گئیں، 19 نومبر سے شروع ہونے والے فیز 2 میں مزید شہریوں کو ای بسیں دی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ رواں برس دسمبر میں پنجاب حکومت کے پاس 1100 الیکٹرک بسیں پہنچ جائیں گی، جو صوبے کے 42 مختلف شہروں کی دی جائیں گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے سموگ کے حوالے سے مزید کہا کہ پچھلے سال اکتوبر اور نومبر میں رواں برس سے زیادہ سموگ تھی، اس سال سموگ کے نمبر بہتر ہوئے ہیں، آئندہ برسوں میں مزید بہتر ہونے کا امکان ہے۔



