لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں موسم کے تیور بدلنے لگے، فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا، صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس وقت لاہور کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر میں بادل برسنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
دوسری جانب شہر میں سموگ کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، مجموعی طور پر لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 185 ریکارڈ کیا گیا، گلبرگ ٹو کا اے کیو آئی 240، برکی روڈ کا 228 جبکہ ڈی ایچ اے کا 217 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ کے تحت مانیٹرنگ سسٹم مزید فعال
دوسری جانب سموگ نگرانی و پیشگی نظام کے مطابق ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے جنوب مشرق کی جانب ہے، جس کے نتیجے میں آلودہ ہوا لاہور اور مشرقی پنجاب سے باہر کی سمت دھکیلی جا رہی ہے، اوسط ہوا کی رفتار 7 سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دوپہر کے اوقات میں رفتار میں معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شمال مغربی بہاؤ کے باعث لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں فضائی معیار میں واضح بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
فیصل آباد اور ساہیوال میں ایئر کوالٹی انڈیکس معتدل سطح پر برقرار ہے، جہاں گاڑیاں اور صنعتی سرگرمیاں آلودگی کا بڑا ذریعہ قرار دی گئی ہیں، ملتان اور بہاولپور میں ہواؤں کے بہاؤ کے ساتھ ذرات کے جنوب مشرق منتقل ہونے سے فضائی آلودگی میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کو صنعتی اخراج اور فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی سخت نگرانی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے ’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ کے تحت روزانہ کی بنیاد پر شہر وار سموگ مانیٹرنگ اور فوری ردعمل یونٹس فعال کر دیئے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں فضائی معیار کے بہتر نظم و نسق کیلئے جدید سسٹمز نصب کئے جا رہے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور صبح و شام کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو کھلی فضا میں جانے سے بچائیں۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ اگر گلے یا آنکھوں میں خارش، سانس لینے میں دشواری یا کھانسی کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ہسپتال یا کلینک سے رجوع کریں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق عوامی آگاہی مہم ’’صاف فضا، محفوظ پنجاب‘‘ کے اگلے مرحلے میں تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور میڈیا کے ذریعے مہم کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو سموگ کے اثرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ رکھا جا سکے۔



