ایم کیو ایم نے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کیلئے اختیارات مانگ لیے

Published On 06 November,2025 01:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، جاوید حنیف خان، سید امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، ایم کو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے 27 ویں آئینی ترمیم میں مقامی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ملاقات کی اندرونی کہانی

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے ایم کیوایم کے بلدیاتی مسودے کو 27 ویں ترمیم میں شامل کرنےکی یقین دہائی کرائی۔

اس حوالے سے ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم میں ایم کیو ایم کے بلدیاتی آئینی ترمیمی مسودے کو مسلم لیگ ن مکمل سپورٹ کرے گی اور یہی ملاقات میں پارٹی کی پہلی ترجیح تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا یے کہ وزیراعظم نے 27 ویں ترمیم پر اعتماد میں لیا، آئینی ترمیم پر وزیراعظم نے مکمل مشاورت کی جبکہ آئینی ترمیم میں بلدیاتی مسودے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔

واضح رہے کہ حکومتی اتحاد 27 ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کی تیاری میں ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم رواں ماہ ہی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرائی جائے گی۔

وزیراعظم سے پیپلز پارٹی وفد کی ملاقات، مجوزہ ترمیم پر تفصیلی مشاورت

بعدازاں وزیراعظم سے 27 ویں آئینی ترمیم پر پیپلز پارٹی وفد کی ملاقات مکمل ہو گئی، تفصیلی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم سے اتحادی جماعت کے وفد کی ملاقات میں مجوزہ ترمیم کی شقوں اور مؤقف پر تفصیلی مشاورت ہوئی جس کے بعد پیپلز پارٹی کا وفد نورخان ائیر بیس کی طرف روانہ ہو گیا، پیپلزپارٹی وفد خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی جائے گا۔

پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس آج شام 7 بجے کراچی میں ہوگا، اجلاس میں عرفان قادر، راجا پرویز اشرف شرکت کریں گے،نوید قمر اور شیری رحمٰن بھی سی ای سی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ملاقات میں وزیرِاعظم کے ہمراہ حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور احسن اقبال شریک تھے، رانا ثناء اللہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی اجلاس میں شریک تھے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد کی ملاقات

دوسری طرف بلوچستان عوامی پارٹی کاوفد ساڑھے تین بجے وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، وفد کی قیادت وفاقی وزیر خالد مگسی کریں گے، وفد میں سینیٹر محمد عبدالقادر، منظورکاکڑ، ثمینہ ممتاز اور دنیش کمار شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بی اے پی وفد وزیراعظم سے بلوچستان کی صوبائی و قومی اسمبلی نشستیں بڑھانے کا مطالبہ کرے گا۔